نواز شریف اور آصف زرداری تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں،فواد چو ہدری

25 جولائی ، 2024

لاہور(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری آج تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں، سننے میں آرہا ہے کابینہ میٹنگ میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے کو اٹھایا جا رہا ہے ، عوام فوج کیخلاف مہم سے دور رہیں ،ڈیجیٹل دہشتگردی پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں پاکستان مخالف لوگوں کی طرف سے ہو رہی ہے۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کو 14 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے، کسی کو کیا فرق پڑا؟،پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھین لیا گیا ، الیکشن میں کسی کا نشان مچھلی ، کسی کا کدو تھا، پھر بھی ہم جیتے،لوگوں نے نشان ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ ڈالا اور ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اسمبلیوں میں بھیجا، بانی پی ٹی آئی اس وقت مظلوم ہیں، عوام ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کا حق سلب کر لیا گیا، نہ آپ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں نہ عوام کے فیصلوں کو اہمیت دی جا رہی ہے، پاکستان میں انارکی کی فضا پیدا کردی گئی ہے ، اس وقت پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں جسے دنیا دیکھ رہی ہے،رئوف حسن کو فوری رہا کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو استحکام کی طرف لے جانا ہے،بانی پی ٹی آئی کے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا،ٹی ٹی پی سمیت دیگر تنظیموں کی حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے۔