اسرائیلی وزیر اعظم جمعہ کو ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے

25 جولائی ، 2024

واشنگٹن (اے پی پی)اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو جمعہ کو امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جمعہ کو فلوریڈا میں اپنی رہائش مار اے لاگو میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملاقات جمعرات کو ہونا تھی تاہم اسرائیلی وزیر اعظم کی درخواست پر ملاقات کو ایک دن کے لئے موخر کر دیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ بطور صدر امریکا ان کی پہلی مدت کے دوران خطے میں امن اور استحکام تھا، یہاں تک کہ تاریخی ابراہم معاہدے پر دستخط کئے گئے اور ہم اس امن و استحکام کو دوبارہ حاصل کریں گے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں نے حالیہ ہفتوں میں یوکرین کے صدر زیلنسکی اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت میں واضح کیا ہے کہ میرا ایجنڈا امن کے ذریعے طاقت ہے جو دنیا کے سامنے یہ ظاہر کرے گا کہ خوفناک اور مہلک جنگوں اور پرتشدد تنازعات کو ختم ہونا چاہیے کیونکہ ان میں لاکھوں لوگ مارے جا رہے ہیں۔