چینی ثالثی میں فلسطینی دھڑوں میں معاہدہ خوش آئند ہے، اقوام متحدہ

25 جولائی ، 2024

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ نے چین کی ثالثی میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ چین کی ثالثی میں فلسطینی تنظیموں کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے،اس کا مقصد غزہ میں جاری جنگ کے پس منظر میں باہمی اختلافات کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل فلسطینی دھڑوں کی طرف سے بیجنگ اعلامیے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ فلسطینی اتحاد کو آگے بڑھانے کی طرف اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل تمام دھڑوں کو بات چیت کے ذریعے اپنے اختلافات پر قابو پانے کی ترغیب دیتے ہیں اور ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ بیجنگ میں کئے گئے وعدوں اور اس اعلان پر عمل کریں جس پر انھوں نے دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینی اتحاد امن و سلامتی، فلسطینی عوام کی خود ارادیت ، مکمل طور پر آزاد، جمہوری ،قابل عمل اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی امنگوں کو آگے بڑھانے کیلئے اہم اقدام ہے۔ انتونیوگوتریش نے چین کی طرف سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ اس عمل میں سہولت فراہم کرنے میں شامل دیگر ممالک کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اب تک یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ غزہ کا کنٹرول نہیں چھوڑے گا اور نہ ہی موجودہ فلسطینی اتھارٹی کو وہاں کی حکمران بننے دے گا۔