پنجاب میں 18سپیشل اکنامک زونز بن چکے، اس سال 6مزید بنیں گے، چوہدری شافع

25 جولائی ، 2024

لاہور (صباح نیوز)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاہے کہ پنجاب کو کاروباری سرگرمیوں کا حقیقی مرکز بنائیں گے۔پنجاب میں 18سپیشل اکنامک زونز بن چکے، اس سال 6مزید بنیں گے۔معاشی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں خصوصی اقتصادی زونز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا اور صنعتوں کا فروغ میراعزم ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔اب تک 25سے زائد غیر ملکی سولر کمپنیوں کے حکام سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اگلے ماہ 2 بڑی انٹر نیشنل سولر کمپنیوں کے سی ای اوز یہاں آرہے ہیں۔پوری کوشش ہے کہ اسی سال پنجاب میں سولر پینلز مینو فیکچرنگ کا کارخانہ لگے۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی سولر کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول موجود ہے۔