سی ٹی ڈی کی کارروائی ،کراچی پولیس آفس حملے کا ماسٹرمائنڈ ہلاک

25 جولائی ، 2024

کراچی (صباح نیوز)کراچی میں ناردرن بائی پاس پر کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں کراچی پولیس آفس (کے پی او)حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک ہوگیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کراچی میں ناردرن بائی پاس پر موچکو کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گرد کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک مبینہ دہشت گرد کراچی پولیس آفس حملے کا ماسٹر مائنڈ اور تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔ ہلاک مبینہ دہشت گرد کی شناخت عمر فاروق کے نام سے ہوئی جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے پستول اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔