وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوانے بنوں امن جرگہ کے تمام مطالبات مان لیے

25 جولائی ، 2024

پشاور (این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں امن جرگہ کے تمام مطالبات مان لیے۔سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے تسلیم کیے گئے مطالبات اپیکس کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں گے، اپیکس کمیٹی اجلاس میں بنوں واقعہ سے متعلق کمیشن بنانے کے طریقہ کار پر غور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے امن جرگہ کے اراکین کو جواب دیا کہ آپریشن عزم استحکام سے متعلق آئی ایس پی آر نے وضاحت کر دی اور واضح کر دیا ہے کہ یہ آپریشن نہیں بلکہ حکمت عملی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن پولیس اور سی ٹی ڈی کرے گی، ضرورت پڑنے پر سیکیورٹی فورسز کی مدد لی جائے گی، غیر سرکاری مسلح افراد کے خلاف پولیس کارروائی کرے گی، علاقے میں پولیس ہی گشت کرے گی جس کو مزید بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار مزید بڑھا رہے ہیں، پولیس میں بھرتیاں اور مزید گاڑیاں دے رہے ہیں۔