مودی حکومت کشمریوں سے ان کی شناخت اور وطن چھیننے کی سازش کررہی ہے، سردار عتیق

25 جولائی ، 2024

مظفرآباد/دھیرکوٹ (آئی این پی) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ مودی حکومت کشمیریوں سے ان کی شناخت اور وطن چھیننے کی سازش کر رہی ہے کیونکہ مودی حکومت جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ہندوتوا رہنما مقبوضہ کشمیر کی منفرد شناخت کو ختم کرنے کا کھلے عام اعلان کر رہے ہیں اور بی جے پی اورآر ایس ایس کا مقصد جموں و کشمیر میں قبل از اسلام ہندو تہذیب کو زندہ کرنا ہے۔ بی جے پی-آر ایس ایس ہندوستان میں جموں و کشمیر کے مکمل انضمام کی اپنی دیرینہ خواہش کو پورا کرنا چاہتے ہیں، اسی لئے بھارت منظم طریقے سے مقبوضہ علاقے میں آباد کاری کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھیرکوٹ میں راجہ انوار مشتاق کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں شرکت کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسید امجد گردیزی، قاری راجہ سکندر حیات خان، راجہ محمد منیر خان، راجہ تبارک علی، ٹھیکیدار سردار شاہد عباسی، راجہ یاسین لقمان، اسامہ نے ئرعباسی، راجہ مظہر حیات اور دیگر بھی شریک تھے۔ صدرمسلم کانفرنس نے مزید کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کا مقصد بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنا ہے۔ مودی حکومت کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں بے روزگار اور بے زمین کرنا چاہتی ہے لیکن کشمیری کسی صورت میں بی جے پی آر ایس ایس کو اپنی شناخت چھیننے نہیں دیں گے اور کشمیری عوام ہندو جنونی قوتوں کے غلام بننے پر موت کو ترجیح دیں گے۔ مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے مودی حکومت کے مذموم ایجنڈے سے مقامی لوگوں میں بڑے پیمانے پر غم و غصہ پیدا ہوا ہے، جو اسے اپنی ثقافت اور طرز زندگی پر براہ راست حملہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام کی طرف سے غیر قانونی نظربندیاں اور دیگر جابرانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے لوگوں پر تشدد، اندھا دھند گرفتاریوں، عمر قیدکی سزاؤں اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال کا اظہار ہوتا ہے۔