نیلم میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائی جائے، شاہ غلام قادر

25 جولائی ، 2024

نیلم(آئی این پی)صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر وممبر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ نیلم میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنا ئی جائے، محکمہ شاہرات سیاحتی مقاما ت کی رابطہ سڑکوں کوفوری بحال کرے، ٹرانسپورٹرزٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کریں لوڈر گاڑ یاں سواریوں کیلئے استعمال نہ کی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیلم میں حادثات کی روک تھام اور ٹرانسپورٹ قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس آٹھ مقام میں ضلعی انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نیلم میں چلنے والی گاڑیوں کے پرمنٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی چیکنگ کو یقینی بنائیں محکمہ شاہرات سیاحتی مقامات بابون، پتلیاں اور رتی گلی رابطہ سڑکوں کوفوری طور پر ٹریفک کیلئے بحال کرے ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور ٹور آپریٹرز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، لوڈر گاڑیوں کو سواریوں کیلئے استعمال کی ہر گز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ایس ڈی او شاہرات الطاف اعوان نے سیاحتی مقام رتی گلی کی رابطہ سڑکوں کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔بعدازاں انہوں نے ڈپٹی کمشنرندیم احمدجنجوعہ کے ہمراہ ریونیو ایمپلائز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہڑتال پر بیٹھے محکمہ مال کے غیر جریدہ ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر خواجہ صدیق، ڈاکٹر غلام نبی، الطاف اعوان، میاں عبد القدوس ،وکلا ، سول سوسائٹی اور ن لیگ کے کارکنوں و شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے حادثات اور حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات جبکہ ایس پی نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔