علمائے کرام امت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے راستے دکھائیں، ڈاکٹر مشتاق

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاہے کہ علماءکرام انبیاءکے وارث ہونے کے ناطے امت کو دجالی فتنوں سے بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔ طاغوت اور اس کا سارا نظام امت کے نوجوانوں اور خواتین کو گمراہ کرنے پر لگاہوا ہے،ٹرانس جنڈر بل ہویا خواتین کے دودوھ کا بینک یہ سب ا مت کے نوجوانوں کو اسلام سے دور کرنے کی سازش ہے جس کا مقابلہ ا مت کے وہ علماءحق کرسکتے ہیں جو قرآن وسنت سے گہری وابستگی رکھتے ہیں ،علماءکرام قرآن وسنت کے علوم سے لیس ہوکرامت کو درپیش نئے چیلنجز سے نبرد آزماہونے کے لیے راستے دیکھائیں،مغربی استعمار نے امت کی طاقت کو ختم کرنے کے لیے امت کو تفرقوں میں تقسیم کردیا،جماعت اسلامی امت کے اتحاد کی داعی ہے ،ان خیالات کااظہارانھوں نے جمعیت اتحاد علماءجموںوکشمیرگلگت بلتستان کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے جید علماءنے شرکت کی اس موقع پر جمعیت اتحاد علماءکے نئے صدر کا انتخاب بھی کیا گیا ،مولانا منیر ضیاءجمعیت اتحاد علماءجموںکشمیرگلگت بلتستان کے صدر منتخب کیے گئے،اجلاس میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان سمیت دیگر قائدین بھی شریک ہوئے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ علمائے کرام امت کے اتحاد کے لیے کردار اداکریں،تمام تر وسائل کے ہونے کے باوجود آج امت دشمنوں کے لیے ترنوالہ بنی ہوئی ہے،ہر جگہ مسلمانوںکاخون پانی کی طرح بہایاجارہاہے کشمیراور فلسطین میں جو کچھ ہورہاہے وہ ناقابل برداشت ہے ،اسلامی ممالک کے نام نہاد حکمران مغرب کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں ان کو بس اقتدار مل جائے ملت کی کوئی فکر نہیں ہے ۔