اعوان آباد، ضلع بھر میں ناجائز تجاوزات، تعمیر و ترقی پر پابندی عائد

25 جولائی ، 2024

اعوان آباد (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سدھنوتی سردار عمر فاروق نے ضلع بھر میں رقبہ خالصہ سرکار اور شاملات دیہہ میں ناجائز تجاوزات تعمیر و ترقی پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144ض ف کا نفاذ کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ بعض لوگ رقبہ خالصہ سرکار اور شاملات دیہہ میں بدوں منظوری و اجازت ناجائز تعمیر و ترقی کرتے ہیں جس سے حکومت کو نقصان کے ساتھ لوگوں کے مابین لڑائی جھگڑے کی وجہ سے نقص امن کا احتمال ہوتا ہے جس کے انسداد کے لیے موثر اقدامات عمل میں لائے جانے ضروری ہیں جس کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سدھنوتی نے ضابطہ فوجداری مجریہ 1898 جو فی الوقت آزاد جموں و کشمیر میں نافذ العمل ہے کہ دفعہ 144ض ف کی رو سے حاصل اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے حکم جاری کیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی شخص رقبہ خالصہ سرکار اور شاملات دیہہ میں بغیر منظوری اجازت کسی قسم کی تعمیر و ترقی نہیں کرے گا حکم ہذا کی خلاف ورزی پر تحت ضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔حکم ہذا عرصہ سات ایام کے لیے نافذ العمل رہے گا۔