جلاؤگھیراؤکیس ،فواد چوہدری و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 اگست تک توسیع

25 جولائی ، 2024

لاہور(صباح نیوز)لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو عسکری ٹاور جلانے کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اعظم سواتی، مسرت جمشید، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 اگست تک توسیع کردی۔ گذشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے عمر ایوب ،اسد عمر ،فواد چوہدری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، عسکری ٹاور حملہ کیس میں فواد چوہدری عبوری ضمانت کی معیاد مکمل ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مزید مہلت مانگ لی، تفتیشی افسر نے کہا کہ عمر ایوب،حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کے تحریری بیانات جمع نہیں ہوئے ، پچھلے ہفتے ہم محرم کی ڈیوٹی میں مصروف رہے لہذا مزید مہلت فراہم کی جائے۔جج خالد ارشد نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ تاریخ پر تمام درخواست ضمانتوں پر ہر صورت فیصلہ کر دوں گا پولیس نے مجھے یو ایس بی دی ہے، وہ تمام ویڈیوز میں نے دیکھی ہیں،۔بعد ازاں عدالت نے ملزمان کے وکلا کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت اور فواد چوہدری، اعظم سواتی سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں بھی 2 اگست تک توسیع کردی۔