جرمنی واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ، مریم نواز

25 جولائی ، 2024

لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ امید ہے جرمنی واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا اور مستقبل میں ایسے واقعات نہیں ہوں گے، نوجوانوں کو ایسی سکلز سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں جو جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرتی ہیں،جرمنی قابل تجدید توانائی کے امور میں گلوبل لیڈر ہے، جرمنی نے ماحول دوست اقدامات کر کے انسانیت کی خدمت کی پنجاب کے شہریوں کو کلین اینڈ گرین انرجی فراہم کرنے کیلئے سولرائزیشن منصوبہ شروع کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازسے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، مریم نواز نے جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے پر شر پسندوں کے حملے پر جرمن حکام کے فوری ایکشن کو سراہا، اس موقع پر اقتصادی ، ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی، قابل تجدید توانائی، پیشہ ورانہ تربیت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔