بدگمانیوں کے باوجود پی ٹی آئی چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس دائر نہیں کریگی ، محمود اچکزئی

25 جولائی ، 2024

کراچی(این این آئی)پختونخوا میپ کے سربراہ، رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اعلیٰ جج کے ساتھ اپنی بدگمانیوں کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرے گی۔ایک انٹرویو کے دوران جب محمود خان اچکزئی ، جو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے نام سے جانے جانے والے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ بھی ہیں،سے جب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پی ٹی آئی کے اقدامات کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ بالکل واضح تھے۔سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پر عمران خان کے اعتراضات اور چیف جسٹس پر عدم اعتماد کے بارے میں پی ٹی آئی کے بار بار اظہار خیال پر بات کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے واضح طور پر کہا کہ پی ٹی آئی ایسی کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔ جب اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی نئی لہر کے خلاف اس جمعے کو ایک بڑے احتجاج کا منصوبہ بنا رہی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن احتجاج کی حمایت کریں گے۔درایں اثناءاسلام آباد میں پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اتحاد اس لیے نہیں بنا کہ کسی سے حکومت چھینی جائے بلکہ اس لیے بنا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہہم کسی کو برا بھلا کہنے یااداروں پر تنقید کیلیے نہیںنکلے ہیں۔اتحاد اس لیے بنا ہے کہ مینڈیٹ رکھنے والوں کو حکومت دی جائے اور پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہپاکستان انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے ہم نے نرم راستہ اپنایا ہے، ہم اس لیے نکلیں ہیں کہ پاکستانیوں کو ان کے حقوق دیے جائیں۔ہمجمہوری راستہ اپنا کر سیاسی جدوجہد کریں گے اور آئین کے مطابق چلیں گے، ہم نے مطالبات رکھ دیے ہیں کسی نے نہ مانے تو پھر ہم سے گلہ نہ ہوگا۔بانی پی ٹی آئی اس وقت مقبول ترین لیڈر ہیں، بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے جدوجہد کریں گے، پوری قوم سے اپیل ہے اس کار خیر میں بھرپور شرکت کرے، عوام ہمیں مشورہ دیں، راستہ دکھائیں کہ ہم کیا کریں۔