اسرائیلی حکام کی کملا ہیریس کے نیتن یاہو کے خطاب کو نظر انداز کرنے پر تنقید

25 جولائی ، 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)نامعلوم اسرائیلی حکام نے مبینہ طور پر امریکی نائب صدر کملا ہیریس کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے کانگریس سے خطاب کو نظر انداز کرنے کے منصوبے پر تنقید کی۔نائب صدر عام طور پر ایسے مشترکہ خطابات کی صدارت کرتے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین بین کارڈن ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن کے ساتھ خطاب کی صدارت کریں گے۔اسرائیلی حکام نے برطانیہ کے اخبار ٹیلی گراف کو بتایا کہ امریکی صدارتی امیدوار کملا ہیرس اچھے اور برے میں تمیز کرنے سے قاصر ہیں اور وزیر اعظم کی تقریر کو نظر انداز کرنا ایک اتحادی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہے۔کملا ہیرس اس کی بجائے انڈیانا میں زیٹا فائی بیٹا کے لیے ایک تقریب میں خطاب کریں گی، جو کہ تاریخی طور پر سیاہ فام جماعت ہے، جس کی بنیاد نائب صدر کی درسگاہ ہاورڈ یونیورسٹی میں رکھی گئی تھی۔تاہم،کملا ہیرس جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں نیتن یاہو سے نجی ملاقات کریں گی۔