پنجاب میں ملک کے سب سے بڑے میڈیسن ویئرہائوس پراجیکٹ کا افتتاح ، 17ارب کی ادویات محفوظ ہوگئیں ، مریم نواز

25 جولائی ، 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کر تے ہوئے ملکی تاریخ میں ادویات فراہمی کےسب سے بڑےمیڈیسن وئیر ہاؤس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ، وزیر اعلیٰ نے مراکہ میں محکمہ صحت کے سینٹرل وئیر ہاؤس کا دورہ کیا اور اضلاع کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا افتتاح کیا، راولپنڈی،فیصل آباد اور ملتان میں میڈیسن ویئر ہاؤس جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ،9 میڈیسن وئیر ہاؤس باقاعدہ فنکشنل ہوگئے، جہاں 17 ارب سے زائد کی میڈیسن اور ایکیوپمنٹ سٹور کرنے کی گنجائش ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خود فورک لفٹر چلا کر ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کیا اور اپنی نگرانی میں اضلاع کے لئے میڈیسن کے خصوصی ٹرک روانہ کیے ، فرنیچر، طبی آلات اور دیگر سامان کا معائنہ کیا ، سٹور کردہ ادویات کی مدت معیاد اور سٹینڈرڈ ٹمپریچر سسٹم چیک کیا۔سیکرٹری صحت علی جان خا ن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے جدید ترین ویئر ہاؤس سے ادویات کو سٹینڈرڈ ٹمپریچر پر سٹور اور ترسیل کیا جا سکے گا وئیر ہاوسز میں تقریباً 10 ارب روپے سے زائد کی میڈیسن سٹور کی گئی ہے۔ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے لئے 7ارب روپے سے زائد کے نئے اور جدید طبی آلات، فرنیچر، تھری کلر ڈسپوزیبل بیڈشیٹ اور دیگر سامان بھی وئیر ہاوس سے ہسپتالوں کو مہیا کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ سے فیڈرل ری پبلک جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی،وزیر اعلیٰ نے جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے پر شر پسندوں کے حملے پرجرمن حکام کے فوری ایکشن کو سراہا اور کہاکہ امید ہے جرمنی واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا اورمستقبل میں ایسے واقعات نہیں ہونگے۔