عقیدہ ختم نبوت پر ایمان لائے بغیر کوئی مسلمان نہیں ہوسکتا،سپریم کورٹ

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے ایکʼʼ ممنوعہ کتاب ʼʼتفسیر صغیر ʼʼ کی اشاعت کے حوالے سے توہین مذہب کے مقدمہ کے ملزم مبارک احمد ثانی کی ضمانت منظوری کے فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی ہے اورقرار دیا کہ حضرت محمد ۖ کی ختم نبوت پرمکمل اورغیرمشروط ایمان کے بغیرکوئی شخص مسلمان نہیں ہوتاہے جبکہ اس عدالت نے ملزم مبارک ثانی کی ضمانت کی منظوری کے فیصلے میں اس حوالے سے وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ذریعے ماضی میں طے شدہ اصولوں سے کسی قسم کا کوئی انحراف نہیں کیا ہے ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سادات خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل تین رکنی بنچ نے 29مئی 2024کو فیصلہ محفوظ تھا ،جسے تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز فیصلہ جاری کیا تو جسٹس نعیم اختر افغان نے پڑھ کر سنایا،یہ فیصلہ اردو میں قلمبند کیا گیا ہے، جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ27 صفحات پر مشتمل یہ متفقہ تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے تحریرکیا ہے۔