وزیراعظم آزاد کشمیر نہر کے ایچ خورشید کو بحال کرائیں،اوورسیز کشمیری رہنما

25 جولائی ، 2024

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ ) اوور سیز کشمیری رہنما سید تحسین گیلانی، سید شفقت گیلانی، شفقت اقبال تبسم، امجد امین بوبی، چوہدری محمد شہپال، چوہدری محمد عظیم،چوہدری سعید، چوہدری محمد رفیق و دیگر نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے دورہ کوٹلی کے دوران نہر کے ایچ خورشید کی سابقہ پوزیشن بحال کرنے کیلئے موضع دندلی نہر کا بھی دورہ کریں۔ یہ ایک قومی پراجیکٹ ہے ، سابق صدر آزاد کشمیر کے ایچ خورشید نے ضلع کوٹلی کے لاکھوں عوام کی سہولت کیلئے یہ نہر تعمیر کروائی تھی۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر عوام وزیراعظم آزاد کشمیر سے اپیل کرتے ہیں کے دندلی تا رولی کیلئے فنڈز مہیا کرنے کا اعلان کریں، اس حوالے سے وزرا آزاد کشمیر اور اعلیٰ حکام نے ساردہ اور دندلی نہر کا دورہ بھی کیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ نہر کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے رپورٹ وزیراعظم آزاد کشمیر کو دورہ کوٹلی سے قبل دی جائے گی لیکن تاحال کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس وقت ضلع کوٹلی میں دندلی تا رولی پانی کی اسکیم ایک قومی منصوبہ ہے، یہ پراجیکٹ عدم توجہی کا شکار ہے، اوور سیز کشمیری رہنماؤں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کہا کہ وہ دندلی نہر کے مقام پر وافر مقدار میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے نالہ نیل پر ڈیم تعمیر کرنے کی منظوری دیں تاکہ عوام کو پانی مل سکے ۔عوام نہر کے پانی سے اپنی ضروریات کو پوری کرتے ہیں۔ ساردہ ضلع کوٹلی کے مقام سے نہر کا راستہ تبدیل کیا جائے اس مقام پر نہر پار لینڈ سلائیڈنگ ہوتی ہے۔