’’انروا‘‘ دہشت گرد تنظیم قرار،اسرائیلی کابینہ نےتین بل منظور کرلئے

25 جولائی ، 2024

تل ابیب (نیوز ڈیسک) اسرائیلی کابینہ نے اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا بل منظور کرلیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے انروا سے متعلق 3بل کثرت رائے سے منظور کیے، پہلے بل میں انروا کو اسرائیل میں کسی بھی مشن اور سرگرمی سے روکا گیا ہے۔ دوسرے بل میں انروا کے اہلکاروں کا خصوصی استثنیٰ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور تیسرے بل میں انروا کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تینوں بل پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد خارجہ امور و دفاعی کمیٹی کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق تینوں بلوں پر عمل درآمد کیلئے حکومت کی جانب سے دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔فلسطین، لبنان، اردن اور شام کے علاقوں میں فلسطینیوں کی تعلیم اور صحت سے متعلق کام کرنے والےادارے انروا اور اسرائیلی حکومت کے درمیان تعلقات ہمیشہ تناؤ کا شکار رہے ہیں تاہم7 اکتوبر کے بعد اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے بعد تعلقات کی تلخی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے انروا کے ترجمان جولیٹ ٹوما کا کہنا تھا کہ ایجنسی کو بند کرنے کی ایک وسیع مہم کے ذریعے یہ ایک اور کوشش کی گئی ہے، ایسے اقدامات اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔ حماس اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے بھی انروا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے اسرائیلی پارلیمنٹ کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپیل کی گئی ہے کہ عالمی برادری انروا کو بند کرنے کی سازش کے خلاف مزاحمت کرے۔