افضل خان ایم پی اور امجد ثاقب کی پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں

25 جولائی ، 2024

مانچسٹر ( نمائندہ جنگ ) ڈاکٹر امجد ثاقب نے عوامی خدمات میں اپنا لوہا منوایا ہے اور دنیا میں ایسی مثال متعارف کرائی جس کی مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار برمنگھم کی سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری رضا نے مانچسٹر میں ڈاکٹر امجد ثاقب کے اعزاز میں ضیافت کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایسا دینِ فطرت ہے جس میں بنیادی عقائد، توحید، رسالت اور آخرت کے بعد اگر کسی چیز کی سب سے زیادہ تاکیدکی گئی ہے وہ حقوق العباد ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے پاکستان میں ایسا فارمولا پیش کیا جس سے گھروں کے چولہے جلے اور لوگوں کو باقاعدہ روزگار ملا، آج ان کا ادارہ اخوت کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ تقریب میں چوہدری مسرت ، چوہدری افتخار ، افضل خان ایم پی اور سابق ایم ای پی سجاد کریم بھی موجود تھے۔ رضا چوہدری نے کہا کہ تقریب میں شریک شخصیات ملک وقوم کا اثاثہ ہیں۔ افضل خان ایم پی نے پاکستان کا جھنڈا ہر مقام پر بلند کیا ہے اور قوم کی خدمت میں پیش پیش ہیں، ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔