پاکستان کے ڈیری فارمرز کا دورۂ ہالینڈ،ڈچ کمپنیز سے ملاقاتیں

25 جولائی ، 2024

دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) کلاؤڈ ایگری پاکستانی ڈیری فارمرز کے وفد نے ہالینڈز کا تجارتی دورہ کیا۔ سفارت خانہ پاکستان نے وفد کو ڈچ ڈیری اور لائیو سٹاک فارمز، بریڈنگ سینٹرز اور مشہورکمپنیز بشمول Denkavit اور CRV کے ساتھ روابط قائم کرانے میں سہولت فراہم کی۔ اس دورہ میں شامل پاکستان سے آئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے وفد نے اختراعی طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجی کا بھی مشاہدہ کیا جن کی بدو لت ہالینڈ کو ڈیری فارمنگ میں عالمی سطح پر نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ ڈچ کمپنیز سے بات چیت میں پاکستان ڈیری فارمرز نے ڈیری کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے، جانوروں کی صحت کو بہتر بنانے اور پائیدار کاشتکاری کے طریقوں کو اپنانے پر گفتگو کی۔ وفد نے سفارت خانہ پاکستان کا بھی دورہ کیا اور سفیر سلجوق مستنصر تارڑ سے ملاقات کی۔ سفیرِ پاکستان نے اس کامیاب دورے کو آگے بڑھانے کیلئے آگاہی فراہم کی اوروفد کو بتایا کہ سفارت خانہ پاکستان ڈچ اور پاکستانی کاروباری اداروں کو جوڑنےکیلئے سرگرم ہے۔ سفیر پاکستان نے ڈچ کمپنیز اور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان سے آئے وفد کے ساتھ ملاقات کیلئے اپنی دستیابی کو یقینی بنایا۔ اس دورے سے پاکستانی اور ڈچ ڈیری صنعتوں کے درمیان مستقبل میں تعاون کی راہ ممکنہ طور پر ہموار ہوگی۔