27 لاکھ کی چوری ،3 گاڑیاں ،35 موٹر سائیکل غائب سٹریٹ کرائم میں متعدد شہریوں سے موبائل چھین لئے گئے

25 جولائی ، 2024

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگا ر ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری ایک گاڑی، 21موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز،مویشیوں اور نقدی سے محروم ہوگئے۔ وفاقی دارالحکومت میں30وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ دو کاریں ،11موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ،3موٹر سائیکل اور5موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔تھانہ صادق آباد کے علاقہ چاندنی چوک میں دوموٹرسائیکل سوار حافظ محمد نعیم اور اس کے دوست سمر سے گن پوائنٹ پر 2 موبائل اور 40ہزار روپے چھین کر ان کے پاؤں کے قریب فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔پیپلزکالونی میں سجاول حسین کے گھر کے تالے توڑ کرساڑھے دس لاکھ روپے ، سونا مالیتی 16لاکھ روپے، لائسنسی پسٹل 30بور معہ 100روند اڑا لئے گئے۔تھانہ ویسٹریج کے علاقہ مصریال روڈ پر 3موٹرسائیکل سوارگن پوائنٹ پر محمد بلال کی فارمیسی اور وہاں موجودراجہ شمریز ،حماد گل عبدالقدوس سےکل 3لاکھ 41ہزار روپے اڑا لے گئے۔جوڑیاں میں محمد عرفان کے رہائشی کمرہ سے موبائل، 2لاکھ 54ہزارروپے،، سونا مالیتی 50ہزار روپے،کلر روڈ پر وسیم احمد کی دکان کے تالے توڑ کر سامان مالیتی 5 لاکھ روپے چوری کرلیاگیا۔ تھانہ سنبل ،کورال اور سہالہ سے ایک ایک موٹر سائیکل اسلحہ کی نوک پر چھین لیا گیا۔ تھانہ کراچی کمپنی ، آبپارہ ، شالیمار ، رمنا ، نون ،کھنہ ، کورال کے علاقوں میں گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ، چور لاکھوں کی نقدی ،زیورات ، قیمتی گھریلو سامان کے علاقے پرائز بانڈ لے اڑالے گئے۔