عدالت کاایچ ای سی کو وی سی ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کی تقرری کا عمل جاری رکھنے کا حکم

25 جولائی ، 2024

ملتان( سٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس راحیل کامران نے ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ امیدوار برائے وائس چانسلر میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کی رٹ کی سماعت کی اور حکم امتناعی خارج کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو وائس چانسلر کے تقرر کیلئے پراسس جاری رکھنے کی اجازت دیدی تاکہ یونیورسٹی کو فوری طورپر سربراہ مل سکے، دلائل مکمل ہونے کے بعد فاضل عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، پٹیشنر کے وکلا کا موقف تھاکہ نگراں حکومت نے الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 230 کے بر خلاف غیرقانونی سرچ کمیٹی تشکیل دی اور نگراں حکومت کے متعدد فیصلوں اور اقدامات کو عدلیہ نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا ہے، نیز نگراں حکومت کی قائم کردہ کمیٹی انٹرویوز لینے کی مجاز نہیں ہے، اس پر یونیورسٹی کے وکیل نے کہا کہ پٹیشنر خود امیدوار ہے، اس لیے وہ کمیٹی کی تشکیل پر اعتراض کر رہا ہے اور عدالتی حکم امتناعی کی بنیاد پر بطور وائس چانسلر مراعات حاصل کررہا ہے اور حکم امتناعی کی وجہ سے وائس چانسلر کے تقرر کا پراسس رکا ہوا ہے۔