ملتان، سکھر موٹر وے ایم 5 کےڈرین سسٹم پر جالیاں نہ ہونے سے حادثات معمول

25 جولائی ، 2024

ملتان(سٹاف رپورٹر) ملتان، سکھر موٹر وے ایم 5 کی تعمیر پر 4 کھرب روپے سے زائد لاگت آئی تھی مگر اس موٹر وے پر پانی کی نکاسی کے لئے بنایا گیا ڈرین سسٹم مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے، ڈرین سسٹم کے ساتھ فاسٹ ٹریک ہے جس پر گاڑیوں کی سپیڈ 100کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد ہوتی ہے مگر اس فاسٹ ٹریک کے ساتھ بنے ڈرین سسٹم پر آج تک جالیاں نہیں لگائی گئیں جس کی وجہ سے تیز رفتار گاڑیاں اکثر ڈرین سسٹم میں گرجاتی ہیں اور کئی بار نقصان کے باوجود تاحال اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، این ایچ اے نے ڈرین سسٹم کے ساتھ موٹر وے پر پلاسٹک کونز رکھ کر جان چھڑوالی ہے جو خطرے سے خالی نہیں، حیران کن امر یہ ہے کہ مذکورہ موٹروے کی مرمت کے نام پر ہر سال کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں مگر ڈرین سسٹم کو ڈھانپنے کے لیے اب تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈرین سسٹم کی وجہ سے خطرناک حادثہ کا خطرہ ہے، لہٰذا اس پر فوری طور پر جالیاں لگائی جائیں یا سیمنٹ کے سلیب بنوا کر لگائے جائیں۔