توشہ خانہ میں موجود اشیاء کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کے لیے اپریزر کی خدمات طلب

25 جولائی ، 2024

کراچی (اسد ابن حسن) وفاقی کیبنٹ ڈویژن سیکرٹیریٹ نے توشہ خانہ میں موجود اشیاء کی حقیقی قیمتوں کا اندازہ لگانے کے لیے پرائیویٹ اپریزرز (قیمت کی تشخیص کرنے والا فرد یا فرم) کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماضی میں توشہ خانہ میں موجود اشیاء کو اونے پونے تخمینہ لگا کر من پسند افراد کو فروخت کر دی گئیں۔ اپریزرز کو یہ ٹاسک دیا جائے گا کہ وہ توشہ خانہ میں موجود اشیاء جن میں سونا، چاندی، ہیرے اور دیگر میٹل کی جیولری، تمام اقسام کی گھڑیاں اور کلاکس، قالین/ رگز، فوٹوگرافک ایکوپمنٹس، ڈیکوریشن پیسز، ہینڈی کرافٹس، چائنہ کلے مٹی سے بنے ہوئے گفٹس، الیکٹرانکس اشیاء، ہتھیار اور دیگر متفرق اشیاء شامل ہیں ان کی مارکیٹ ویلیو کے حساب سے تخمینے لگائیں۔ اس سلسلے میں اپریزر کے لیے درخواستیں بھی طلب کر لی گئی ہیں جس کی جمع کروانے کی آخری تاریخ 7 اگست ہے اور وہ اسی دن کھولی جائیں گی۔