بنوں ،مسلح جتھوں کے دفاتر کیخلاف آپریشن، 2 سنٹرزسے16افراد گرفتار

25 جولائی ، 2024

بنوں(نمائندہ جنگ)بنوں پولیس کا مسلح جتھوں کے دفاتر کے خلاف گرینڈ آپریشن متعدد سنٹرزبند کرکے گاڑیاں موٹر سائیکلیں اور سامان تحویل میں لے لیا گیا۔ بنوں شہر کے مسلم آباد سنٹر سے11 مسلح افراد گرفتار، فیلڈر گاڑی ،موٹرسائیکل برآمد کر تحویل میں لے لئے گئے جبکہ تبلیغی مرکز کے قریب مسلح افراد کے قائم دفتر پر صدر پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مارا جہاں سے کمانڈر نائب کمانڈراور3 ساتھیوں سمیت5 مسلح افراد کو حراست میں لیکرنامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ،ڈی پی او ،کی قیادت میں پولیس اہلکار بکتر بند گاڑیو ں اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مسلم آباد پہنچے جہاں پر مسلح جتھوں کی جانب سے قائم کیا گیا دفتر کا محاصر ہ کیا اور مسلم آباد جانے والے تمام راستوں پر پولیس نے گاڑیاں کھڑی کرکے آپریشن شروع کیا اس دوران قائم مرکز سے11مسلح افراد کو حراست میں لیکر فیلڈر گاڑی اور موٹر سائیکل کو تحویل میں لیا اس دوران پولیس کیخلاف کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں ہوا اس موقع پر مسلم آباد کچہری روڈ اور نزدیکی محلوں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس آپریشن کے دوران بنوں پولیس زندہ باد کے نعرے بلند کئے گئے۔ مسلم آباد کے بعد تبلیغی مرکز کے قریب قائم کیا گیا دفتر پر بھی پولیس نے چھاپہ لگایا جہاں سے کمانڈر نائب کمانڈر کو 3 دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران قریبی علاقوں کو جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جہاں بھی مرکز کے خلاف آپریشن جاری تھا تو وہاں پر پولیس کے حق میں عوام نعرے لگاتے رہے ۔ دریں اثناء اس وقت ہزاروں افراد بنوں پولیس لائن چوک میں امن کی بحالی اور مسلح گروپوں اور اُن کے قائم دفاتر کے خلاف احتجاجی دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ۔