اوگرا نے گیس کی غیر قانونی فروخت میں ملوث کمپنی کے لائسنس کی تجدید کردی

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایک غیر معمولی پیش رفت کرتے ہوئے ʼمبینہ ڈیفالٹس، دستاویزات کی جعلسازی میں ملوث مشکوک ساکھ کی حامل کمپنی ’’ای گیس ‘‘ کے لائسنس کی تجدید کردی ہے جس کے بعد کمپنی اب سانگھڑ گیس فیلڈ ایکس ون کبیر سے انڈسٹریز کوپانچ برس تک گیس فروخت کرسکے گی تاہم اس میں سی این جی اسٹیشنز شامل نہیں ہوں گے۔ اوگر ا کا یہ فیصلہ ناقابل یقین ہے کیونکہ اوگر ا نے خود اس کمپنی پر تقریبا 2کروڑ روپے (19.944 ملین روپے) روپے جرمانے کی سزا سنائی جو اس وقت دی گئی جب یہ پتہ چلا کہ ای گیس فرم ماضی میں اوگرا کے لائسنس کے بغیر سی این جی سٹیشنوں کو فلیئر گیس فروخت کرنے میں ملوث رہی ہے۔ ریگولیٹر نے EGas سے کہا کہ پہلے جرمانہ ادا کریں اور پھر اسے فوری لائسنس دیا جائے گا۔ اس فیصلے نے تیل اور گیس کے شعبے کے بہت سے اداروں کوتشویش میں مبتلا کردیا ہے کیونکہ ایک ریگولیٹر اس کمپنی کو لائسنس کی توسیع کیسے کر سکتا ہے جسے غیر قانونی طور پر گیس فروخت کرنے پر سزا دی جاچکی ہو۔اوگرا نے 23 جولائی 2024 کو جرمانے کی رقم کی ادائیگی کی شرط کے ساتھ مذکورہ کمپنی کو لائسنس دینے کا فیصلہ کیا۔ اپنے فیصلے میں ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ لائسنس دہندہ اس سلسلے میں اوگرا سے لائسنس حاصل کرنے کے بعد ہی قدرتی گیس یا فلیئر گیس کی فروخت کے لئےباقاعدہ سرگرمیاں کر سکتا ہے۔