دھرنا 25کروڑ انسانوں کو ریلیف دلانے کیلئے ہے،حافظ نعیم الرحمٰن

25 جولائی ، 2024

کراچی (سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے پُر امن دھرنے کو روکنے کی کوشش کی تو ملک بھر میں دھرنے ہوں گے اور ”حق دو عوام کو“ تحریک حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل ہوجائے گی۔ہم 26جولائی کو اسلام آباد میں دھر نا دے کر بیٹھیں گے اگر ابتدائی مطالبات مان لیے تو بات چیت ہوگی ورنہ وہیں بیٹھ کر پورے ملک میں ہڑتال کی کال دیں گے جو پہلے مرحلے میں ایک دن کی ہوگی، ہم سول نافرمانی نہیں کرنا چاہتے لیکن سیاسی و جمہوری حقوق کو استعمال کرنا جانتے ہیں، ہم یہ فیصلہ بھی کرسکتے ہیں کہ بجلی کے بل کا بائیکاٹ کریں۔ دھرنا 25کروڑ انسانوں کو ریلیف دلانے کے لیے ہے،جمہوریت کی بالادستی اور جمہوری آزادی کے لیے جماعت اسلامی کی حق دو عوام کی تحریک آگے بڑھ رہی ہے، تحریک کے قومی ایجنڈے میں تعلیم، صحت، آزادی،آئین کی بالادستی،آئی پی پیز سے نجات، انرجی کرائسس کاحل موجود ہے،آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدے کالعدم اور نئے معاہدے کیے جائیں،قوم اب 2800ارب روپے ان چند لوگوں کو ادا نہیں کرے گی۔ تاجر دوست اسکیم کے نام پر ظالمانہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں۔ تنخواہ دار نے 375 ارب روپے ٹیکس دیے لیکن جاگیرداروں نے صرف 5ارب روپے کا ٹیکس دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر جناح آڈیٹوریم، سٹی کورٹ میں کراچی بار میں وکلاء اور مقامی بینکوئٹ میں جماعت اسلامی کے تحت ”تاجر کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تاجر کنونشن سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے بھی خطاب کیا۔