قومی اسمبلی کے ملازمین پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد (ایجنسیاں)قومی اسمبلی کے ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیا گیا۔ جاری سرکلر کے مطابق کوئی ملازم سیاسی، غیراخلاقی اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوگا، کوئی بھی ملازم ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے جھوٹی خبریں‘ معلومات اور افواہیں نہیں پھیلائے گا‘قومی اسمبلی کا کوئی غیرمجاز ملازم آفیشل انفارمیشن تک رسائی کی کوشش نہیں کرے گا،کوئی ملازم کوئی سرکاری معلومات غیرمجاز افراد کو فراہم نہیں کرے گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3دن کے اندر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے تمام اکائونٹس سمیت اپنے شناختی کارڈ پر تمام سیلولر فون کمپنیوں کے رجسٹرڈ نمبر کی تفصیلات فراہم کریں۔ ریٹائرڈ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارلیمنٹ ہائوس میں داخلہ کیلئے سیکرٹری جنرل کے دفتر سے اجازت لیں گے اور اپنے دورہ کے مقصد کو واضح کریں گے۔