حکومت سندھ کا صارم برنی ٹرسٹ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ

25 جولائی ، 2024

کراچی (سٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی درخواست پر صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں حکومت نے محکمہ سوشل ویلفیئر سندھ کو کنٹرول لینے کی ہدایات جاری کردیں جس پر ڈی جی سوشل ویلفیئر نے کنٹرول لینے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ قبل ازیں ایف آئی اے نے سندھ حکومت کو صارم برنی ٹرسٹ کا کنٹرول لینے لیے مکتوب ارسال کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ صارم برنی یتیم خانے کے معاملات سندھ حکومت کا محکمہ سوشل ویلفیئر خود دیکھے اور یتیم خانے کے معاملات بھی خود سنبھالے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ان پر بچوں کی اسمگلنگ کے سنگین الزامات ہیں۔ واضح رہے کہ سماجی رہنما صارم برنی کو سنگین الزامات پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے امریکا سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔