تحقیقات سے پتا چلا رؤف حسن کے ملک دشمن عناصر کیساتھ رابطے تھے ،وزیر اطلاعات

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کے ملک دشمن عناصر کے ساتھ رابطے تھے، تحریک انصاف پر پابندی کا اصولی فیصلہ برقرار ہے اور اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورت بھی مکمل ہو گئی ۔ ایک بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ رؤف حسن پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے ملازم ہیں جہاں وہ ساڑھے 7لاکھ روپے تنخواہ لے رہے تھے، تحریک انصاف کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ سے کچھ ہدایات یہاں باہر جارہی تھیں اور کچھ باہر سے یہاں آرہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ رؤف حسن کے ملک دشمن عناصر کے ساتھ رابطے تھے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی کا اصولی فیصلہ برقرار ہے اور اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورت بھی مکمل ہو گئی ہے۔