پی ٹی آئی میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص کے ریمانڈ کیخلاف درخواست پر اعتراضات دور

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کے جسمانی ریمانڈ کیخلاف درخواست پر اعتراضات دور کرتے ہوئے درخواس گزار وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ کو میرٹ پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے فریقین کو پیر کیلئے نوٹس جاری کر دئیے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دئیے کہ ہم ایک شخص کیلئے ایک نئی مثال تو قائم نہیں کر سکتے۔کل کو ہر کوئی ریمانڈ کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج کر دے گا۔ بعد ازاں عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل بینچ نے احمد وقاص جنجوعہ کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے احمد وقاص جنجوعہ کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔