زیارت کیلئے عراق جاکر 50 ہزار پاکستانی غائب ہوگئے، وفاقی وزیر مذہبی امور

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزارت مذہبی امور کی جانب سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ز ائر ین پا لیسی منظوری کیلئے وفاقی کا بینہ کو بھیج دی گئی ہے۔ یہ بات چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطا الرحمن کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس میں بتائی گئی ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے کام کے طریقہ کار، کارکردگی کے علاوہ حج 2024 کے لئے کیے گئے انتظامات، حجاج کرام کی جانب سے رہائش، ٹرانسپورٹ، خوراک اور صحت کے حوالے سے کی گئی شکایات اور وزارت کی جانب سے ان کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا کہ 50 ہزار کے قریب پاکستانی عراق میں جا کر غائب ہو گئے ہیں۔ جس پر سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ دیگر ممالک میں جو لوگ غائب ہوتے ہیں ان میں اکثریت ان افراد کی ہوتی ہے جو غیر قانونی طریقوں سے وہاں جاتے ہیں، راجہ ناصر عباس نے کہا کہ انہوں نے خود تفتان بارڈر پر زائرین کوکئی دن انتظار کرنا پڑتا ہے۔کھانے پینے کی اشیاء انتہائی مہنگی اور ناقص معیار کی ہیں۔ ایک جامع حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے۔