ایل ڈی آئی کمپنیوں کو اربوں کی چھوٹ دینے کے معاملہ پر سٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل نو

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزارت آئی ٹی نے ایل ڈی آئی کمپنیوں کو اربوں روپے کی چھوٹ دینے کے معاملہ پر اسٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے ، سٹیئرنگ کمیٹی میں ایل ڈی آئی کمپنیوں کے نمائندوں کو بھی شامل کرلیا گیا، پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کے نمائندے پہلے سے کمیٹی کا حصہ ہیں، کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرکے ایل ڈی آئی کمپنیوں کے بقایا جات کا مسئلہ حل کریگی، کمیٹی ایل ڈی آئی کمپنیوں کے بقایا جات کی وصولی کا طریقہ کار طے کریگی، کمیٹی ایل ڈی آئی کمپنیوں کے ذمہ واجب الادا پرنسپل اور لیپٹ پیمنٹ سرچارج کا تعین کریگی، وزارت آئی ٹی کا موقف ہے کہ ایل ڈی آئی کمپنیوں کو کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جارہی، وزارت آئی ٹی نے ایل ڈی آئی کمپنیوں سے لائسنسوں کی تجدید کے لیے سو فیصد پرنسپل امائونٹ وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ذرائع کے مطابق کمیٹی کمپنیوں کے ایسکرو اکاونٹ میں موجود رقم کی ایڈجسٹمنٹ کا تعین کریگی،پی ٹی اے حکام کے مطابق کمپنیاں لائسنس کی تجدید کیلئے 100 فیصد پرنسپل رقم ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، کمپنیوں کے لائسنس یکم اگست کو ایکسپائر ہو جائیں گے، واجبات ادا نہ کرنے والی کمپنیوں کو لائسنس نہیں دیئے جائیں گے، واجبات کی اصل مالیت 24 ارب ہے جبکہ لیٹ سرچارج رقم 54 ارب ہیں۔