موسمیاتی اور قدرتی آفات سے نمٹنےکیلئے پاک چین تعاون میں اضافہ

25 جولائی ، 2024

بیجنگ(آئی این پی ) چین اور پاکستان کے درمیان موسمیاتی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون میں اضافہ،چینی ماہرین موسمیات کلاوڈ بیسڈ ارلی وارننگ سسٹم (سی ای ڈبلیو ایس) کی تنصیب اور کمیشننگ پر تعاون کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔گوادر پرو کے مطابق موسمیاتی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کے لیے پاکستان میں کلاوڈ بیسڈ ارلی وارننگ سسٹم (سی ای ڈبلیو ایس) کے اطلاق سے متعلق تربیتی ورکشاپ چین کے شہر بیجنگ میں منعقد ہوئی ۔گوادر پرو کے مطابق سات روزہ ورکشاپ میں محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی)کے 20 افسران اور ماہرین تربیت اور معلومات کے تبادلے کے لیے جمع ہو ے،ورکشاپ کے اختتام کے بعد چینی ماہرین موسمیات سی ای ڈبلیو ایس سسٹم کی تنصیب اور کمیشننگ پر مقامی ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔گوادر پرو کے مطابق سی ای ڈبلیو ایس ٹریننگ چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن (سی ایم اے) اور چین کی وزارت ماحولیات (ایم ای ای) کے درمیان ایک مشترکہ کوشش ہے۔ افتتاحی تقریب میں سی ایم اے کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر کاو ژیا ژونگ اور بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے سائنس و ٹیکنالوجی کونصلر خان محمد وزیر نے شرکت کی۔