قائمہ کمیٹی تجارت کا اجلاس ، تجارت میں اضافے کیلئے سٹریٹجک اہداف پر غور

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت نے آئی پی پیز چیلنجز ، علاقائی تجارت اور برآمد کنندگان کیلئے فائنل ٹیکس رجیم کے خاتمے سمیت دیگر قومی نوعیت کے مسائل پر تفصیلی بحث کیلئے کمیٹی کے الگ الگ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس ایم این اے محمد جاوید حنیف کی زیر صدارت ہوا ، قائمہ کمیٹی میں وزارت تجارت کے امور ،پاکستان کےمعاشی امور اور تجارت میں اضافے کیلئے سٹریٹجک اہداف پر غور کیاگیا ، کمیٹی معاشی ترقی کےلیے پالیسیوں پر عملدرآمد اور پالیسیوں کی نگرانی کو یقینی بنانےکیلئے کردار ادا کریگی، کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آئندہ اجلاس میں آئی پی پیز سے متعلقہ چیلنجز سے نمٹنے کےلیے غور کیا جائیگااور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز وزارت بجلی ، نیپرا اور چیمبر زآف کامرس کے نمائندوں کو اجلاس میں تفصیلی بریفنگ کیلئے بلایا جائیگا،علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے بھی کمیٹی کا الگ اجلاس طلب کیا جائیگا، اجلاس میں علاقائی تعاون بڑھانےاور معاشی ترقی پر غور ہوگا ۔