پاکستان میں انفراسٹرکچر و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،علیم خان

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)چین کے سفیر ژیانگ زوڈنگ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں اعلیٰ سطحی بریفنگ دی گئی جس میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔ اجلاس میں چین سے پاکستان میں ’’میچ میکنگ انڈسٹری‘‘ کے تحت صنعتوں کے قیام کی تفصیلات پیش کی گئیں جس میں 7بڑے شعبے طبی آلات، پلاسٹک کی صنعت،ٹیکسٹائل، لیدر، خوردنی گوشت، فروٹ و سبزیاں اور ویسٹ شامل ہیں۔اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ چینی بھائی ہمارے مہمان ہوں گے اور اُن کی فول پروف سکیور ٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ چین کے سفیر کے ہمراہ کمرشل منسٹر، قونصلر، سیکنڈ سیکرٹری اور دیگر چینی حکام بھی موجود تھے۔دریں اثناءوفاقی وزیرعبدالعلیم خان سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے گزشتہ روز ملاقات کی دونوں راہنماوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور ملکی معاشی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔