غزہ پر کس طرح کی حکومت ؟ امریکا ، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے خفیہ اجلاس کا انکشاف

25 جولائی ، 2024

کراچی (رفیق مانگٹ) غزہ جنگ پر امریکہ، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خفیہ اجلاس کا انکشاف ہوا ہے۔جنگ کے خاتمے کے بعد کس طرح کی حکومت ہوگی؟ ممکنہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری طرف اسرائیل اور یواے ای کی حمایت سے غزہ کے اسپتال میں اسٹار لنک سروس فعال ہوگئی۔ اس کا اعلان ایلون مسک نے اسرائیلی حکومت سے اجازت ملنے کے پانچ ماہ بعد کیا۔ فاکس نیوز نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک خفیہ میٹنگ ہوئی ہے جس میں ممکنہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے کہ غزہ جنگ کے خاتمے کے بعد کس طرح حکومت کی جائے گی۔ اس خفیہ اجلاس کا انکشاف سب سے پہلے امریکی نیوز سائیٹ Axios نے کیا تھا۔ابوظہبی اجلاس کی میزبانی یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید نے کی ،اس میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے وائٹ ہاؤس کے کوآرڈینیٹر بریٹ میک گرک اورمحکمہ خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ٹام سلیوان نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں اسرائیلی وزیر برائے اسٹریٹیجک امور رون ڈرمر اور دو سینئر اسرائیلی دفاعی حکام نے بھی شرکت کی۔یہ ملاقات متحدہ عرب امارات کی خصوصی مندوب لانا نسیبہ کی تجویز پیش کرنے کے بعد ہوئی ۔جمعرات کو ابوظہبی میں ہونے والی اس ملاقات سے پتہ چلتا ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو جنگ بندی کے بار بار مطالبات کے بعد جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کے لیے کوئی منصوبہ ترتیب دینے کے خواہاں ہیں۔ دسمبر میں، نیتن یاہو نے تجویز کیا تھا کہ اسرائیل کو غزہ کا مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہیے تاکہ حماس کی غیر عسکری کاری کو یقینی بنایا جا سکے - توقع ہے کہ نیتن یاہو رواں ہفتے واشنگٹن کے دورے کے دوران صدر بائیڈن اور کانگریس سے ملاقات کریں گے، جہاں غزہ کی جنگ ایک اہم موضوع بحث ہوگی۔ بلوم برگ کے مطابق اسرائیل اور یواے ای کی حمایت سے غزہ کے اسپتال میں اسٹار لنک سروس اب فعال ہےاس کا اعلان ایلون مسک نے سوشل میڈیا سائیٹ پرکیا۔مسک کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتال میں اسٹار لنک سروس ’اب فعال‘ ہے۔اس اقدام کو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں کی حمایت حاصل ہے۔ ایلون مسک نے اسرائیلی حکومت سے وہاں سروس شروع کرنے کی اجازت ملنے کے صرف پانچ ماہ بعد اپنی سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اعلان کیا۔کمپنی اور اسرائیل نے فروری میں ان اقدامات پر اتفاق کیا جو متحدہ عرب امارات کے زیر انتظام فیلڈ ہسپتال میں سسٹم کے استعمال کی اجازت دے گا جبکہ حماس تک رسائی کو روکے گا۔ متحدہ عرب امارات نے کہا کہ تیز رفتار انٹرنیٹ ریئل ٹائم ویڈیو کالنگ کے ذریعے ممکنہ طور پر جان بچانے والی طبی مشاورت کو قابل بنائے گا۔اسٹار لنک بہت سے تنازعات میں گھرے علاقوں میں مقبول ہے، یمن اور سوڈان سمیت کئی ممالک میں غیر قانونی طور پر یا حکومت کی منظوری کے بغیر آلات اس کی سروس کے وسیع مثالیں ہیں۔ کمپنی کے نقشے کے مطابق، اسٹارلنک زیادہ تر یورپ ،شمالی اور جنوبی امریکہ کے ساتھ جاپان، نائیجیریا اور آسٹریلیا جیسے دنیا کے دیگر حصوں میں سرکاری طور پر دستیاب ہے۔سروس کی دستیابی والے ممالک میںمشرق وسطیٰ کا کوئی ملک شامل نہیں۔اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللّٰہ بن زاید نے غزہ میں یو اے ای فیلڈ اسپتال کو انٹرنیٹ سروس دینے پر ایلون مسک کا شکریہ ادا کیا۔