عقیدہ ختم نبوت پر ایمان لائے بغیر کوئی مسلمان نہیں ہوسکتا،سپریم کورٹ

25 جولائی ، 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے ایکʼʼ ممنوعہ کتاب ʼʼتفسیر صغیر ʼʼ کی اشاعت کے حوالے سے توہین مذہب کے مقدمہ کے ملزم مبارک احمد ثانی کی ضمانت منظوری کے فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی ہے اورقرار دیا کہ حضرت محمد ۖ کی ختم نبوت پرمکمل اورغیرمشروط ایمان کے بغیرکوئی شخص مسلمان نہیں ہوتاہے جبکہ اس عدالت نے ملزم مبارک ثانی کی ضمانت کی منظوری کے فیصلے میں اس حوالے سے وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ذریعے ماضی میں طے شدہ اصولوں سے کسی قسم کا کوئی انحراف نہیں کیا ہے ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سادات خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل تین رکنی بنچ نے 29مئی 2024کو فیصلہ محفوظ تھا ،جسے تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز فیصلہ جاری کیا تو جسٹس نعیم اختر افغان نے پڑھ کر سنایا،یہ فیصلہ اردو میں قلمبند کیا گیا ہے، جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ27 صفحات پر مشتمل یہ متفقہ تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے تحریرکیا ہے،جس میں تمام تر درخواست گزاروں کے تحفظات کو مد نظررکھا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ اس فیصلے میں دینی اداروں اور جید علما ئے کرام کی جانب سے دی گئی معاونت کو بھی شامل کیا گیا ہے اور قرآن وحدیث کے حوالے بھی شامل ہیں، امید ہے کہ اس فیصلے کو پڑھنے سے ابہام دور ہو جائے گا، اور اسے آج ہی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی کردیا جائے گا، تفصیلی فیصلہ کے مطابق عدالت نے مبارک ثانی کیس میں پنجاب حکومت کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے قراردیا ہے کہ مذہبی آزادی کا بنیادی حق ،جس کی آئین میں ضمانت دی گئی ہے،ʼʼ قانون، امن عامہ اور اخلاق ʼʼکے تابع ہے ،عدالت نے قرار دیا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ختم نبوت پر مکمل اور غیر مشروط ایمان اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل ہے ،قرآن وسنت کی متعدد نصوص بالخصوص سورة الاحزاب (33) آیت 40 میں درج ہے ،چنانچہ ختم نبوت اور مکمل اور غیر مشروط ایمان کے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہوتا ہے، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی دفعہ 260(3) میںبھی ختم نبوت اور مکمل اور غیر مشروط ایمان کو مسلمان کی تعریف کالازمی جزو قرار دیا گیا ہے، عدالت نے قراردیاہے کہ خود کو احمدی کہنے والوں کے مذہبی حقوق کے مسئلے پر ʼʼ مجیب الرحمن بنام حکومت پاکستان ʼʼکے مقدمہ میں وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے اورʼʼ ظہیر الدین بنام ریاست ʼʼکے مقدمہ میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کو لازمی نظائر کی حیثیت حاصل ہے، اور اس عدالت نے اپنے چھ فروری 2024 کے حکمنا مہ میں ان نظائرسے کوئی انحراف نہیں کیا ہے، عدالت نے مذکورہ بالا نکات کی روشنی میں پنجاب حکومت کی نظر ثانی کی درخواست منظور ،دو درخواستیں خارج جبکہ باقی تمام متفرق درخواستیں نمٹا دی ہیں، عدالت نے ان تمام دینی اداروں اور شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا ہے ؟ جنہوں نے اس اہم دینی مسئلے پر عدالت کی رہنمائی کے لیے اپنی تحریریں بھیجیں یا عدالت میں دلائل پیش کیے،یاد رہے کہ 6دسمبر2022کو تھانہ چناب نگر ،ضلع چنیوٹ میں ملزم مبارک احمد ثانی کے خلاف ایکʼʼ ممنوعہ کتاب ʼʼتفسیر صغیر ʼʼ کی اشاعت کے حوالے سے طباعت قرآن اور توہین مذہب کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کرلیا تھا ،ماتحت عدالت اور ہائیکورٹ کی جانب سے ملزم کی ضمانت کی درخواستیں خارج ہونے پر سپریم کورٹ میں ضمانت کی یہ درخواست دائر کی گئی تھی ،جس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے قراردیاتھا کہ ملزم 13ماہ قید کاٹ چکاہے ،جبکہ اس الزام کی کل سزا ہی 6ماہ قید ہے چونکہ ملزم ممکنہ سزا سے زیاد قید کاٹ چکاہے ،اس لئے اس کی ضمانت منظور کی جاتی ہے ،تاہم اس حکمنامہ کی سوشل میڈیا کے ذریعے غلط تشریح کی گئی ،جس سے ملک بھر میں افراتفری پھیل گئی تھی اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف زہریلا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع ہوگیا ،اسی دوران حکومت پنجاب سمیت متعدد درخواست گزاروں نے بھی فیصلے کی وضاحت و تشریح کے لئے نظر ثانی کی درخواستیں دائر کردیں ،جن کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اس معاملہ میںدینی و شرعی تشریح کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل سمیت مختلف مسالک اور مکتبہ ہائے فکر کے اداروں سے معاونت طلب کی تھی ،اور 29مئی 2024کو ،کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔