عباس ٹاؤن دھماکے اور کے پی او پر حملے میں ملوث مرکزی ملزم ہلاک کرنے کا دعویٰ

25 جولائی ، 2024

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)سی ٹی ڈی نے عباس ٹاؤن بم دھماکے اور کے پی او پر حملے میں ملوث مرکزی ملزم کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق موچکو تھانے کی حدود نادرن بائی پاس نزد حنیفہ مسجد کے قریب انفارمیشن بیسڈ آپریشن میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد عمرفاروق عرف فرید اللہ عرف ڈاکٹر ولدشہروز خان ہلاک ہو گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کے مطابق چند روز قبل محکمہ داخلہ سندھ کی طرف سے جاری کردہ تھریٹ الرٹ جس میں ہلاک دہشتگرد کے حوالے سے بتایاگیا تھا کہ ہلاک دہشتگرد کو کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں کو شروع کرنے کے لیے خصوصی ٹاسک دے کر روانہ کیا گیا ہے جو کراچی میں اپنا نیٹ ورک بحال کررہا ہے۔ سی ٹی ڈی سی وفاقی حساس اداروں نے آمدہ تھریٹ پر کراچی میں مخبران وانٹیلی جنس ذرائع سے تلاش شروع کی۔گزشتہ شب اس دہشت گردی کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے نادرن بائی پاس نزد حنیفہ مسجد ہلاک دہشت گرد کو کسی کے انتظار میں کھڑاپایا، ہلاک دہشت گرد نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پرفائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک دہشت گرد زخمی ہوکر گرگیا، ہلاک دہشت گرد کی فائرنگ سے ایک گولی پولیس جوان کی پہنی ہوئی بلٹ پروف جیکٹ پر لگی، بلٹ پروف جیکٹ پہنے کی وجہ سے جوان محفوظ رہا۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضہ سے ایک نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے کراچی پولیس آفس (KPO) حملہ کیس میں اشتہاری ہے جبکہ ہلاک دہشت گرد عباس ٹاؤن بم بلاسٹ کا بھی مرکزی ملزم تھا ۔