زندگی کیلئے درختوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، بریگیڈئر عرفان

01 اگست ، 2024

میرپور(جنگ نیوز) انجمن فلاح و بہبود انسانیت کا ہر بشر دو شجر کا سلوگن انتہائی اہم ہے کہ ملک کا ہر باشندہ دو پودے لگا ئے کرہ ارض کو گرمی کی حدت سے بچانے اور زندگی کے پھلنے پھولنے کیلئے درختوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری ہیلتھ آزاد کشمیر بریگیڈئر عرفان احمد نے بینظیر بھٹوشہید میڈیکل کالج میرپور میں شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں قومی سطح پر جنگی بنیادوں پر شجر کاری کی اس مہم کو لیکر چلنا ہو گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فاروق احمدنور،پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر فیصل بشیر،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مائدہ کوثر،پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود، صدر انجمن فلاح و بہبود انسانیت ڈاکٹر طاہر محموداور دیگر بھی موجود تھے ۔ شرکائے تقریب کا کہنا تھا کہ فلاحی تنظیمیں اور سرکاری و نیم سرکاری ادارے سول سوسائٹی ملکر ملک بھر میں سبز انقلاب پیدا کر سکتے ہیں۔ شرکائے تقریب نے انجمن فلاح و بہبود انسانیت کی شجر کاری مہم اور وضع کردہ طریقہ کار کی تعریف کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ ماحولیات کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ اور مربوط کاوشیں ہی ثمر آور ہو سکتی ہیں شرکائے تقریب نے مزید کہا کہ ہم کرہ ارض کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی مقدور بھر کاوشیں جاری رکھیں گے۔