مظفرآبا د ، محکمہ اینٹی کرپشن کو ڈیجٹلائز کرتے ہوئےبجٹ دگنا کردیا گیا

01 اگست ، 2024

مظفرآباد( نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر کے وزیر داخلہ و سینئرمنسٹر کرنل ریٹائرڈ وقار نور نے کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن کو ڈیجٹلائز کرتے ہوئے آن لائن درخواستیں لینے کے لیے نظام متعارف کروانے سمیت عددی قوت اور بجٹ بھی ڈبل سے زیادہ کر دیا ہے۔عدالتوں سے حکم امتناعی کی آڑ لے کر قانون کو دھوکا دینے والوں کے خلاف اینٹی کرپشن کردار ادا کرے۔مزیدسب انسپکٹرز کے لیے سمری بھی طلب کر لی گئی ۔41 کے محکمہ کو حکومت نے 91 کی عددی طاقت فراہم کرتے ہوئے چھ کروڑ 24لاکھ کے بجٹ کو دگنا کر کے 12کروڑ 51 لاکھ کر دیا ہے۔بھاری بجٹ کے باوجود کارکردگی جزوی طور پر قابل ستائش نہیں۔ہر ماہ اینٹی کرپشن کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔قانون سے کوئی بالاتر نہیں سب کی عزت مقدم رکھتے ہوئے قانون کی پاسداری کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن کردار ادا کرے کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔میرے خلاف پانچ کروڑ روپے کرپشن کی درخواست پر تحقیقات پر سات کروڑ کا کام ہونا پایا گیا۔اب ایکسرے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اینٹی کرپشن آزاد کشمیر کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع ڈی جی اینٹی کرپشن چوہدری مختار حسین،ایس پی اینٹی کرپشن محمد سلیم درانی،ڈی ایس پیز سرکل میرپور، پونچھ، مظفراباد چوہدری محمد بشیر،عارف مجید،راجہ محمد سعید،انسپکٹران عمران احمد،محمد نسیم،ایس ایچ او سید اسد بخاری سمیت ملک ممتاز،صلاح الدین نے شرکت کی۔ڈی جی اینٹی کرپشن چوہدری مختار حسین نے محکمہ اینٹی کرپشن کو حکومت کی جانب سے دگنا بجٹ اور دیگر مسائل پر شکریہ اداکرتے ہوئے مذید مسائل اور کارکردگی بارے تفصیلات پیش کیں اور مکمل بریفننگ دی۔