کراچی (جنگ نیوز) ایران کے شہر تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید ہوگئے۔پاکستان نے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ اب بیت المقدس کی آزادی کیلئے کھلی جنگ ہوگی۔ ادھر ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا ایران پر فرض ہے۔ حماس نے تہران میں کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کی جب کہ حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔ایرانی ٹی وی کا کہنا ہےکہ اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے، ان کی قیام گاہ پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا گیا۔ ایران کا کہنا ہےکہ قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے نتائج جلد سامنے لائے جائیں گے۔اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اب کھلی جنگ ہوگی، حماس کے سربراہ پر حملے کے ذمہ داران کو سزا دی جائے گی، اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام، عرب عوام، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی سزا دی جائے گی، یہ ایک سنگین واقعہ ہے، ہنیہ کے قتل سے اسرائیل کو اس کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ ہم بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔پاپولرفرنٹ فارلبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا کہ شہید اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کاز کے لیے اپنا سب سے قیمتی مال دیا، فلسطینی اپنے مقصد کے لیے ہر عزیز اور قیمتی چیزپیش کرنےکو تیار ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دشمن اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کرگیا ہے، اسرائیل نے معاملات کو ایک جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے، مزاحمتی تنظیمیں جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے، اسرائیلی حکومت ہنیہ کےقتل اورایرانی خودمختاری پرحملےکے گناہ پرپچھتائے گی، شہید اسماعیل ہنیہ کا قتل امریکی مدد کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا۔خبر ایجنسی کے مطابق حماس رہنما اسماعیل ہنیہ فلسطینی گروپ کی بین الاقوامی سفارت کاری کا چہرہ تھے، وہ غزہ جنگ بندی مذاکرات میں بطور مذاکرات کار شریک تھے، غزہ میں سفری پابندیوں سے بچنے کیلئے اسماعیل ہنیہ ترکیے اور قطر میں رہتے تھے۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے تہران کے قلب میں ایک میزائل فائرکیا گیا جہاں اسماعیل ہنیہ اپنے محافظ سمیت موجود تھے۔غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹے اور4 پوتے شہید ہوئے۔ علاوہ ازیں نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حماس کے سربراہ کے قتل کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں کو ثابت قدم رہنے پر زور دیا۔دریں اثناپاکستان نے تہران میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ان کے اہل خانہ اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں کی مذمت کرتا ہے جن میں ایسے ماورائے عدالت قتل بھی شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اور اس کی تازہ ترین کارروائیاں پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں ایک خطرناک اضافہ ہے، ایسی کارروائی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم سمیت متعدد غیر ملکی معززین نے شرکت کی۔ ادھر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیاد فراہم کی ہے اور ایران اپنے ملک کے اندر ہونے والے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا اپنا فرض سمجھتا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ مجرم اور دہشتگرد صیہونی حکومت نے ہمارے گھر میں ہمارے مہمان کو شہید کیا اور ہمیں سوگوار کیا۔ آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ نے ایک قابل عزت راہ میں سالوں تک جان داؤ پر لگا کر جدوجہد کی اور شہادت کے لیے ہمیشہ تیار رہے جب کہ انہوں نے اپنے لوگ اور بچے بھی اس راہ پر قربان کیے۔
دہلی بھارتی سپریم کورٹ نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجر یوال کو ایکسائز پالیسی بدعنوانی مقدمے میں ضمانت...
سری نگرمقبوضہ کشمیر میں متحدہ مجلس علماء اور مسلم پرسنل لا بورڈ نے بھارتی حکومت کے مجوزہ وقف ترمیمی بل2024کی...
لاہور لاہور میں ڈیرہ غازی خان کوئٹہ روڈ پر سی ٹی ڈی کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے2دہشت گرد...
سانگلہ ہل مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نواز شریف کے وژن پر متحد ہو کر عوامی...
لکھنؤ بھارتی ریاست اترپردیش کی ایک عدالت نے2021میں مذہب کی تبدیلی سے متعلق ایک کیس میں معروف اسلامی سکالر...
سری نگر مقبوضہ کشمیر میں مودی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل دوسرے...
پشاور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم یہاں غریب سائلین کوچھوڑ کر سیاسی...
ریاض سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی میں بے گھر فلسطینیوں کے ایک سکول کو اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے...