کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ افراد کیلئے مفتی اور حافظ کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی

01 اگست ، 2024

پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کے باعث کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کو "فتنہ الخوارج" کہا جائے گا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کیلئے ʼمفتیʼ اور ʼحافظʼ استعمال نہیں کئے جائیں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام خط وکتابت اور دستاویزات میں ان کے ناموں کے ساتھ لفظ"خارجی" لکھا اور پڑھا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ٹی پی کی اسلام کی حقیقی تعلیمات کے منافی حرکات اور سرگرمیوں کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ تمام سرکاری ادارے ان ہدایات کو فوری طور پر لاگو کریں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے گل بہادر گروپ اور مجید بریگیڈ کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے دونوں تنظیموں کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہدونوں جماعتوں کو دو سال تک نگرانی کے بعد کالعدم قرار دیا گیا۔نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی (نیکٹا) نے دونوں جماعتوں کو کالعدم جماعتوں کی فہرست میں ڈال دیا۔