ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،شیری رحمٰن

01 اگست ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے کہاہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،وزارت ادارہ جاتی صلاحیت وماہرین میں اضافہ،ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کا واضح منصوبہ تیار کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں سینیٹر شیری رحمٰن نے کمیٹی کے ارکین کے ہمراہ پاکستان کی موسمیاتی اور ماحولیاتی پالیسیوں سے نمٹنے کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی منصوبہ بندی، ترجیحات اور تیاریوں پرتحفظات کا اظہار کیا۔شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلی پر وزارت کی پریزنٹیشن پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک پرانی پریزنٹیشن کو دیکھ کر حیران ہوں جس میں کوئی واضح ترجیحات، کوئی فلیگ شپ اقدامات اور کوئی سٹریٹجک این ڈی سی ایجنڈا یا اپ ڈیٹس نہیں ہیں ،انہوں نے ملک کی مخصوص ضروریات اور حساسیت کو پورا کرنے کے لیے وزارت کی طرف سے ترجیحات کی از سر نو ترتیب کے ساتھ ساتھ ایک موزوں موسمیاتی مالیاتی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔