مذاکرات سے انکا ری شخص آج مذاکرات کرنے کی بات کررہاہے، رانا سکندر

01 اگست ، 2024

لاہور ( این این آئی) وزیر تعلیم پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ مذاکرات سے انکا ری شخص آج مذاکرات کرنے کی بات کررہاہے،تاہم جلد تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے مذاکرات سے متعلق بیان کی تردیدآنے کاامکا ن ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنی یوٹرن والی روایت کے عین مطابق بانی تحریک انصاف خود بھی نمائندہ مقرر کرنے والے بیان سے مکرتے دکھائی دیں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ مریم نواز کے بارے میں چرب زبانی سے ثابت ہوا کہ عمران خان کو اب تک خواتین کا احترام کرنا نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں رہ کر تو بڑے بڑوں کی عقل ٹھکانے آجاتی ہے، مگر خان صاحب میں تبدیلی نہیں آئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پی ٹی آئی ون مین شو کی قائل ہے لیکن جمہوریت میں ون مین شو نہیں چلتا۔ جمہوریت کا استحکام تحریک انصاف سے ہضم نہیں ہو رہا۔