اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ حکومت مستحکم ہے۔ بانی پی ٹی آئی کس سے مذاکرات چاہتے ہیں یہ اللہ جانتا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم سمیت پوری ٹیم اپنا کام بھرپور عزم سے جاری رکھے گی۔ بلوچستان میں جاری دھرنے مکمل صوبائی معاملہ قرار دیا، البتہ یہ ضرور کہا کہ وفاق صوبائی حکومت کو معاونت فراہم کرے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاراچنار کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت سے بھی رابطہ ہے، زمین کے جھگڑے پر پارا چنار کا واقعہ پیش آیا۔ سیکورٹی فورسز اور حکومت نے سیز فائر کرایا اور فریقین کو ایک میز پر بٹھایا۔وزیر داخلہ نے آئی پی پیز کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔ وزیراعظم شہباز شریف اس پر دیکھ رہے ہیں کہ کیسے حل نکالنا ہے، ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کس سے مذاکرات چاہتے ہیں ،یہ اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مجلس وحدت المسلمین کے رکن اسمبلی حمید حسین کی زیرقیادت کرم سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی ۔ وزیرداخلہ نے کرم میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر تبادلہ خیال کیا ۔ محسن نقوی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دو گروپوں کے درمیان تصادم کو غلط رنگ دیا گیا۔ اس سلسلے میں علاقے کی سرکردہ شخصیات کو اس ایشو کے پائیدار حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ حکومت معاملے کے حل کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ علاقے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے سب کومل کر کردار کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرداخلہ نے کرم کے دونوں گروپوں کے سرکردہ شخصیات پر نمائندہ وفد کو بھی ملاقات کے لئے بلا لیا۔