ابوظہبی (اے پی پی)متحدہ عرب امارات نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے اشتراک سے غزہ کی پٹی سے 85 بیمار اور شدید زخمی فلسطینیوں کو اسرائیل کے رامون ہوائی اڈے سے براستہ کرم ابو سلیم کراسنگ ابوظہبی منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے، اقدام سنگین صورتحال میں غزہ کے شہریوں کے مصائب کم کرنے کی ہماری کوششوں کاحصہ ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی تعاون کے وزیر مملکت ریم الہاشمی نے کہا کہ اس نازک وقت میں زخمی فلسطینیوں کو ابوظہبی منتقل کرنے کے ہمارے مشن کی فوری ضرورت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ اقدام فلسطینی عوام کے لئے متحدہ عرب امارات کی پائیدار اور تاریخی حمایت کا ثبوت ہے، جو فوری امداد فراہم کرنے اور شدید مشکلات کے باوجود امن کو آگے بڑھانے کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم کی رہنمائی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک متحدہ عرب امارات نے غزہ کے 709 مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے 787 افراد کو علاج معالجے کے لیے خوش آمدید کہا ہے۔