اسلام آباد (نمائندہ جنگ )خود کو نیب افسر ظاہر کر کے لوگوں کو بلیک میل کرنے والے13سےزائد افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں ، گرفتاریاں اسلام آباد ، لاہور ، کراچی سمیت دیگر شہروں سے ہوئیں ، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ایس اوپیز کےمطابق نیب کسی کو فون کال نہیں کرتا۔نیب نے خبر دار کر دیا کہ خود کو نیب اعلیٰ حکام ظاہر کر کے دھوکہ دینے والوں سے ہوشیا ررہیں نیب نے کہا کہ عوام النا س کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کچھ عناصر نیب اعلیٰ حکام کے روپ میں لوگوں کو فون / ایس ایم ایس / واٹس ایپ کال /جعلی خطوط ا ور دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے ہراساں کرنے اور سرکاری و کارباری افراد کو مجبور کر کے ان سے رقوم بٹورنے یا کسی قسم کی غیر قانونی رعایت حاصل کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ان تمام ہتھکنڈوں سے بالواسطہ اور بلاواسطہ نیب کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیب نے واضح کیا کہ نیب آفیشل لیٹر ہیڈ پر کال اپ لیٹر جاری کرتا ہے اور کسی بھی خط و کتابت کےلیے فون کال / ایس ایم ایس/ وٹس ایپ میسج نہیں کرتا۔نیب نے خبر دار کیا کہ عوام ایسے عناصر کی جعلسازی میں ہر گز نہ آئیں۔اگر کوئی بھی شخص خود کونیب کا عہدے دار ظاہر کر کے کسی قسم کے غیر قانونی کام پر مجبور کرنے یا رقم کی وصولی کے لئے بلیک میل کرے تو ایسی شکایت یا مشکوک کال کی فوری اطلاع درج ای میل ایڈریس پر دیں۔