اسلام آباد (نمائندہ جنگ )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں محمد علی خان ، عامر ڈوگر ، رائے حسن نواز اور خرم شہزاد بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پارلیمانی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن ارکان نے اپنے تحفظات اور شکایات سپیکر تک پہنچائیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے وفد نے اپنی جماعت کے اراکین کی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا اور گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کو قواعد کے مطابق معاملہ دیکھنے کی یقین دہانی کروائی۔ اپوزیشن اراکین نے سپیکر کو الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔