پاک ایران تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخ سے جڑے ہیں،گورنر پنجاب

01 اگست ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے لاہورمیں تعینات ایران کے قونصل جنرل مہران موحد فرنے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی ، تعلیمی اور معاشی شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر سے ملاقات کے دوران حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر اظہار افسوس بھی کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران ایرانی قونصل جنرل نے پاکستان زائرین کے لیے نئی ویزا پالیسی کے تحت سفری سہولیات میں آسانی پیدا کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ایرانی قونصل جنرل نے پاکستانی حکومت اور عوام کی فلسطین غزہ کے مسلمانوں کی امداد اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران برادر اسلامی ملک ہے جس سے محبت کا گہرا رشتہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کا آخری یادگار دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر دکھ اور تکلیف سے گزرے۔